صف کے پیچھے اکیلے کھڑے ہونے کی ممانعت
حضرت وابصتہ بن مبعد رضی اللہ عنہ
سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ صف کے
پیچھے اکیلا کھڑا نماز پڑھ رہا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو دوبارہ نماز
ادا کرنے کا حکم دیا۔ (رواہ الترمذی)
تشریح: صف کے پیچھے اکیلے کھڑے ہو
کر نماز پڑھنے میں چونکہ جماعت اور اجتماعیت کی شان بالکل نہیں پائی جاتی، اس لئے
شریعت میں اس قدر مکروہ اور ناپسندیدہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس
شخص کو نماز دوبارہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
اگر کوئی شخص ایسے وقت جماعت میں
شریک ہو کہ آگے کی صف بالکل بھر چکی ہو اور اس کے ساتھ کھڑا ہونے والا کوئی دوسرا
نمازی موجود نہ ہو تو اس کو چاہیے کہ آگے کی صف میں سے کسی جاننے والے کو پیچھے
ہٹا کر اپنے ساتھ کھڑا کر لے، بشرطیکہ یہ امید ہو کر وہ آسانی سے پیچھے ہٹ آئے گا،
اور اگر ایسا کوئی آدمی اگلی صف میں نہ ہو تو پھر مجبوراً پیچھے اکیلا ہی کھڑا ہو
جائے، اور اس صورت میں عنداللہ یہ شخص معذور ہوگا۔
No comments:
Post a Comment