حاجت روائی
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس نے میری امت کے کسی شخص کی حاجت پوری کی یہ
ارادہ کر کے کہ وہ اپنی حاجت پوری ہونے سے خوش ہو جائے گا تو اس نے مجھے خوش کیا
اور جس نے مجھے خوش کیا اس نے اللہ کو خوش کیا اور جس نے اللہ کو خوش کیا، اللہ
اسے جنت میں داخل کرے گا۔" (رواہ البیھقی فی شعب الایمان)
اس حدیث میں نہایت مناسب طریقہ سے سمجھایا گیا ہے
کہ حاجت مندوں کی حاجت روائی دراصل انسان
کی اپنی ہی خوشی اور کامیابی کا سبب بنتی ہے۔ جو شخص کسی کی حاجت پوری کرے گا اور
اس سے اس کی غرض یہ ہو گی کہ متعلقہ شخص تکلیف سے نجات پائے اور اسے خوشی حاصل ہو
تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ اس سے مجھے خوشی ہوگی، اس کا یہ
عمل رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشنودی حاصل کرنے کا موجب ہو گا۔ آگے آپ صلی
اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے مجھے خوش کیا، اس نے اللہ کو خوش کیا۔ اس کا
ثبوت قرآن حکیم میں بھی جابجا ملتا ہے۔ اور یہ بھی قرآن حکیم سے ثابت ہے کہ جس سے
اللہ راضی ہوا، اس کا ٹھکانہ جنت ہے۔ جس شخص کو وہاں ٹھکانہ نصیب ہو جائے اسے خوشی
ہی خوشی ملے گی۔ رنج، دکھ اور مصیبت کا
نام تک نہ ہو گا۔
No comments:
Post a Comment